لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا.
جس میں اشیا ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور ذخیرہ اندوزوں اور گراںفروشوں کے خلاف جاری مہم کابھی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام دکانوں پر پینافلیکسز کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
صوبائی وزیر نے نرخ نامہ نمایاں جگہ پر نہ لگا نے والی دکان سیل کرنے کا حکم دیا ۔
انہوں نے بعض علاقوں میں دالوں اور سبزیوں کی سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو معاملات فوری طور پر ٹھیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا کو کسی صورت لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،
صارفین کے حق کے تحفظ کیلئے انتظامیہ اپنا فرض ادا کرے .
صوبائی وزیر نے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی،
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں آٹا مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے ۔
وفاقی حکومت چینی کی جو قیمت طے کریگی اسے پورے صوبے میں یقینی بنایا جائے گا ۔
صوبائی وزیر نے بہاولپور میں آلو کی زائد نرخوں پرفروخت کاسخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کی سرزنش کی۔
انہوں نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی روکنے کیلئے انتظامیہ کو خواب غفلت سے بیدار ہونا ھوگا۔
سیکرٹری صنعت و تجارت،ڈی جی انڈسٹریز،کمشنر وڈپٹی کمشنرلاہوراور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی.
جبکہ صوبے بھر کے کمشنرز اور پولیس افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔