لاہور ( لاہورنامہ) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے سابق چیف انجینئر ایل ڈی اے اسراد سعید کو ایل او ایس نالہ کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا ،
اسرار سعید پر ایل او ایس فیروزپور روڈتا ملتان روڈ ڈبل روڈ توسیعی منصوبہ میں مبینہ طور پرکروڑوں روپے کے مالی غبن کے الزامات ہیں۔
نیب ترجمان کے مطابق منصوبے کے ابتدائی تخمینہ کے مطابق اس کی لاگت 63 کروڑ روپے ظاہر کی گئی تھی.
تاہم ملزم اسرار سعید کی جانب سے مبینہ طور پر متعدد مرتبہ منصوبہ میں ردوبدل سے تعمیراتی لاگت میں 7 گنا اضافہ ہوا۔
اسرار سعید نے مبینہ بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنسلٹنٹ کے اعتراض کے باوجود ادائیگیاں کرتے ہوئے پرائیویٹ کنٹریکٹر کو بھی کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔
تحقیقات میں ہونے والے انکشاف کے مطابق ملزم کی جانب سے مرکزی منصوبہ میں ردوبدل کرتے ہوئے دیگر غیر متعلقہ منصوبے بھی مرکزی منصوبہ میں شامل کر دیئے گئے،
دیگر منصوبوں کی شمولیت کے سبب ایل او ایس روڈ توسیعی منصوبہ بے جا تاخیر کا شکار ہوا جو لاگت میں اضافے کا باعث بنا۔
نیب نے اسرار سعید کو گرفتاری کے بعد احتساب عدالت لاہور پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔