لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے مکینوں کو بروقت ہنگامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تعمیر کیے گئے پانچ ریسکیو اسٹیشنوں میں سے ایک کا افتتاح کر دیا۔
انہوں نے صدر پریس کلب لاہور کی درخواست پر تعمیرہونے والے ہربنس پورہ ریسکیو اسٹیشن کا افتتاح کیا۔
لاہور میں تعمیر کیے گئے پانچ نئے ریسکیو اسٹیشن میں ہربنس پورہ، والڈ سٹی، شادباغ، مراکہ اور کوٹ عبد المالک ریسکیو اسٹیشن شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں 76 نئے ریسکیو اسٹیشنز بھی قائم کر ررہی ہے جس کے بعد کسی بھی سانحہ و حادثہ اور ہنگامی صورتحال کی صورت میں بلا تفریق پنجاب کی تحصیلوں میں بھی ایمرجنسی سروسز دستیاب ہوں گی۔
تقریب میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان، ایڈیشن چیف سیکرٹری پنجاب مومن علی آغا، کمشنر لاہورذوالفقارگھمن،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر،سی سی پی او لاہور، ریجنل اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران لاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور ریسکیو ہیڈ کوارٹرزو اکیڈمی کے سینئر افسران، صدر پریس کلب لاہور،اہلیان ہربنس پورہ اورصحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی کالونی اورہربنس پورہ لاہور کے رہائشیوں کو نئے قائم ہونے والے ریسکیو اسٹیشنوں کے لئے خصوصی طورپر ریسکیو سروس کی ضرورت کی نشاندہی کرنے والے صدر لاہور پریس کلب مسٹر ارشد انصاری کو مبارکباد دی۔
انہوں نے پنجاب میں ریسکیو کے تمام اسٹیشنوں کی تعمیر پر محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کی خدمات کوبھی سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا کہ آج صحافی کالونی ہربنس پورہ ریسکیو اسٹیشن کے افتتاح کے ساتھ ہمارے پاس لاہور میں ریسکیو1122کے 22اسٹیشن مکمل ہو چکے ہیں.
اس ادارے نے جتنی صوبے کی عوام کی خدمت کی ہے وہ قابل تعریف ہے .
کہیں آگ ہو سیلاب ہو یا دھماکہ کچھ بھی ہوایک کال پر ریسکیو 1122وہاں فورا پہنچتی ہے اور اس نے اپنا رسپانس ٹائم ہمشہ برقرار رکھا۔
جب میں نے پہلی میٹنگ لی تو مجھے بتایا گیا کہ 15سال بعد ایمرجنسی کونسل کا اجلاس ہو رہا ہے آپکا سروس سٹرکچر نہیں تھا اب انشااللہ دو چار دنوں کے اندرہی اسکا نوٹیفیکیشن ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو1122کے ملازمین کے منجمند الاؤنسز بحال کرنیکا اعلان کیا،
ڈاکٹررضوان نصیر کی طرف سے فکسڈ ڈیلی الاؤنس کی پولیس ریٹ کے مطابق ریسکیو کو دئے جانے کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے موقع پر ہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوہدائت کی کہ اس پر فوری طور پر کام کریں اور ریسکیورز کیلئے بھر پور طریقے سے آسانیاں پیدا کریں۔
موٹر بائک سروس کو تمام ضلعی ہیڈ کواٹر ز تک پھیلا رہے ہیں اور میری یہ خواہش ہے کہ پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں بھی یہ سروس موجود ہو۔