آئی جی پنجاب کا لاہور سیالکوٹ موٹر وے کا دورہ ،سیکیورٹی انتظامات بہترکرنے کی ہدایت

لاہور (لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پرشہریوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ٹیمیں سیکیورٹی فرائض کیلئے تعینات کر دی گئیں ہیں جو سفر کرنے والوں کو مسافروں کو ہرممکن تحفظ، مدد اور راہنمائی فراہم کریں گی۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پی ایچ پی اور ایس پی یو کی ٹیموں تین شفٹوں میں 24گھنٹے لگاتار پٹرولنگ کریں گی جو جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کا قلع قمع کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کو ہدایت کی کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کی سیکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے وہ خود فیلڈ وزٹ کرکے انسپکشن اور مانیٹرنگ کرتے رہیں .

اور جامع حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پی ایچ پی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی سکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی اور پٹرولنگ کے آغازکے موقع پر افسران کو ہدایات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ بلال صدیق کمیانہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

سنٹرل پولیس آفس
سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیولنک کانفرنس کا انعقادکیا گیا

لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر سیکیورٹی انتظامات بہتر سے بہتر بنانے کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیولنک کانفرنس کا انعقادکیا گیاجس میں فیڈرل سیکرٹری کمیونیکیشن ظفر حسن، آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، آئی جی پنجاب انعام غنی،ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی ایس پی یو بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر نے شرکت کی۔

مزید برآں خواتین پارلیمنٹرینز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب انعام غنی سے ملاقات کی۔

خواتین پارلیمنٹرینز کے وفد
خواتین پارلیمنٹرینز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب انعام غنی سے ملاقات

وفد میں شائستہ پرویز ملک، حناپرویز بٹ، عائشہ رضا فاروق،کرن ڈار، کنول لیاقت،ثانیہ عاشق، سابق ایم این اے سائرہ افضل تارڑ سمیت سول سوسائٹی کی نامور خواتین شامل تھیں۔

خواتین پارلیمنٹرینز کے وفد نے آئی جی پنجاب کو گجر پورہ واقعہ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگا ہ کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو بہتر سے بہتر بنایاجائے۔

آئی جی پنجاب نے گجر پورہ موٹر وے واقعہ میں ہونے والی پیش رفت سے خواتین پارلیمنٹرینز کے وفدکو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گجرپورہ موٹروے زیادتی کیس میں ملوث جنسی درندوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں شب و روز متحر ک ہیں اورکیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کی لمحہ بہ لمحہ خود نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ خواتین اور بچوں کو ہر قسم کے جرائم سے محفوظ رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں ہے اور آزاد ملک کا شہری ہونے کے ناطے کوئی بھی مرد یا خاتون صوبے کے کسی بھی شہر میں بلا خوف و خطر سفر کر سکتا ہے اس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے۔

خواتین پارلیمنٹرینز کے وفد نے آئی جی پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید کی کہ اس ہولناک واقعہ کے ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔