لاہور (لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے صوبے اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات مسلم لیگ (ن) کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں ،
وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری اور پولیس افسران کی وابستگی صرف اپنے کام سے ہونی چاہیے .
اس لئے مسلم لیگ(ن) جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی ،
لاہور سیالکوٹ موٹر وے واقعہ کے ملزمان کو انجام تک پہنچانے کیلئے پراسیکیوشن میں کوئی سقم نہیں رہنے دیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ خان اصل میں اپنی قیادت کی کرپشن کا دفاع کرتے کرتے ہوئے حواس باختہ ہوچکے ہیں اور انہیں سمجھ ہی نہیں آتی وہ کیا بات کر رہے ہیں۔
لاہور سیالکوٹ موٹر وے واقعہ کے بعد حکومت اور اس کی ساری مشینری بغیر کسی تاخیر کے حرکت میں آئی اور پیشرفت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں،
وزیرا علیٰ نے واضح کہا ہے کہ اس واقعہ کے ملزما ن اپنے انجام کو پہنچیں گے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں سرکاری اور پولیس افسران کی ضرور سیاسی وابستگیاں تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہے اس لئے پراپیگنڈا لیگ سرکاری افسران کے حوالے سے گمراہ کن پراپیگنڈے سے باز رہے۔
علاوہ ازیں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کی نئی زندگی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات ہوئی.
جس میں لاہور سیالکوٹ موٹر وے واقعہ اور صوبے کے دیگر امورکے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔