سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر

ہمیں تمام تر سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر عوامی خدمت کرنی ہے، وزیر صحت

لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کی زیر صدارت واساہیڈ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،

جس میں ایم ڈی واساسیدزاہدعزیز،وائس چیئرمین شیخ امتیاز،صدرداتاگنج بخش ٹاؤن جاویداکرم،نائب صدر میاں ندیم اور واسا کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران حلقہ این اے 125 میں صاف پانی کی فراہمی اورنالوں کی صفائی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ چیئرمین حضرات نے صوبائی وزیر صحت کو حلقہ کے مسائل اور عوام کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ عوامی مسائل حل کرنااولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

پہلے دن سے عوام کا معیارزندگی بلندکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ حلقہ این اے 125میں صاف پانی کی فراہمی اور نالوں کی صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

حلقہ میں تمام نالوں کی صفائی کی جائے۔واساکے افسران حلقہ میں صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات مزیدبہترکریں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں آسانیاں پیداکی جارہی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف عوام سے کئے تمام وعدے پورے کررہی ہے۔

تمام چیئرمین حلقہ میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے متعلقہ حکام کو آگاہ رکھیں۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ہماری حکومت کاغذی کارروائی نہیں بلکہ عملی طورپر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔واسا حکام حلقہ این اے 125میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے رپورٹ پیش کرے۔

ہمیں تمام ترسیاسی اختلافات سے بالاترہوکرعوامی خدمت کرنی ہے۔