اسلام آباد (لاہورنامہ) و زیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات نہایت واضح ہیں،
سرکاری خزانے سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت اور سماجی و معاشی ترقی کا فروغ ہے،
حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے۔
پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کے نظام کو شفاف اور منظم بنانے اور اس معاونت کو حقدار تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا.
جس میں وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے،
سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین، سلطان علی الانہ، عارف حبیب، ڈاکٹر اعجاز نبی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔
حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں بالواسطہ اور بلاواسطہ فراہم کی جانے والی سبسڈیز کی مقدار اور اس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات نہایت واضح ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا نہ صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے بلکہ حقداروں کی حق تلفی کا باعث بنتا ہے لہذا اس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تھنک ٹینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے تاکہ مرحلہ وار ان پر عمل درآمد کیا جا سکے۔