اسلام آباد(لاہورنامہ) وزیرِ اعظم عمران خان نے حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میٹرو منصوبے کے حوالے سے کیے جانے والے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجود حکومت شفاف معاہدو ں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی ملک امین اسلم، گورنر سندھ عمران اسمعٰیل، معاونین خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر)انور علی حیدر، و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے.
جبکہ چیف سیکرٹری صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے وزیرِ اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بتایا.
چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ گذشتہ دو نیلامیوں (جولائی اور ستمبر)میں سی ڈی اے نے 55ارب روپے اکٹھے کیے ہیں جو کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے برے کار لائے جائیں گے۔
مکمل شدہ منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ پارک انکلیو بریج، برما بریج، جی سیون جی ایٹ انڈر پاس منصوبہ اور پیدل چلنے والوں کے لئے مختلف بریج اور کیپیٹل ہسپتال میں اضافی بلاک تعمیر کرنے کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی صاف پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ روات بھارہ کہو رنگ روڈ تعمیر کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔