لاہور (لاہورنامہ) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں اس لئے ان کا ایک نقطے پر متفق ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا ،
آج اپوزیشن کی سیاست کی یہ حالت ہے کہ مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کر رہے ہیں۔
جمشیداقبال چیمہ نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کی سر گرمیوں پر کوئی اعتراض نہیں لیکن انتشار پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے اور مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ،اپوزیشن کی ”معصومانہ خواہش ”کو پورا کرنے کیلئے قبل از وقت انتخابات نہیں کرائے جاسکتے ،
اپوزیشن کے وسط مدتی انتخابات کے نعرے سیاسی ہیں ۔مسلم لیگ (ن) جو اس وقت قیادت کے بحران میں مبتلا ہے کیا وہ نئے عام انتخابات میں جانے کی متحمل ہو سکتی ہے؟
یہی صورتحال پیپلز پارٹی کی بھی ہے جسے سندھ میں اپنی سیاسی بقاء کا سامنا ہے ۔
جمشیداقبال چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن سے درخواست ہے کہ ملک میں مایوسی نہ پھیلائے اور ملک کو آگے بڑھنے دے تاکہ جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوں جس سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔