لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے لندن بھاگ کر موجودہ سیاسی نظام کے سلطان مفرور الدین ارطغرل کا خطاب پایا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف شوق سے پاکستان واپس آئیں،
حکومت انکی تمنا اور مرضی و منشا کے مطابق انکا استقبال کرے گی کیونکہ انہوں نے لندن بھاگ کرموجودہ سیاسی نظام کے سلطان مفرور الدین ارطغرل کا خطاب پایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ لیگی قیادت اپنے قائدین کی ہراسمنٹ، کرپشن، بددیانتی اور جعلی ٹی ٹی کے کیسز کو سیاسی رنگ نہ دے،
نیب نے شہباز شریف کو زیادہ نمازیں، کثیر روزے اور عبادات کرنے کی پاداش میں گرفتار نہیں کیا،وہ اپنی تابناک، بے مثال اور لازوال کرپشن کے باعث پابند سلاسل ہوئے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ ہرترقیاتی منصوبے کا بڑھ چڑھ کر کریڈٹ لینے والے شہباز شریف نیب بنانے کا کریڈٹ کیوں نہیں لیتے؟
اقتدار میں بڑھکیں مارنے والے خادم اعلی اب ہر بات پر خود کو خطا کار کہہ رہے ہیں،
کرپشن کے حوالے سے شریف خاندان سوال گندم جواب چنا کی انوکھی اور نرالی منطق پیش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ احتساب اور نظام سے مفرور افراد اور رہنما تحاریک چلانے کی اخلاقی جرات نہیں رکھتے،نیب سوال کرپشن پر کرتی ہے،
آلِ شریف جواب قومی اداروں پر الزامات کی شکل میں دیتی ہے۔