لاہور (لاہورنامہ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی رہنمائوں کے عسکری قیادت سے ملاقات نہ کرنے کے حوالے سے باضابطہ گائیڈ لائن جاری کردی ۔
احسن اقبال کی جانب سے جاری سرکلر میں کہاگیا ہے کہ ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی رہے ہیں،
ہمارا موقف آئین کی بالا دستی کیلئے جبکہ ذاتی اور سیاسی مفاد سے بالا تر ہے۔
قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پرپاک فوج اور متعلقہ اداروں سے ملاقاتوں کے حوالہ سے پارٹی پالیسی بیان کررہا ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت سمجھتی ہے کہ نیک نیتی سے کی گئی ملاقاتوں کو جان بوجھ کر تنازعات کا شکار کیا گیا،
ہم سمجھتے ہیں مخصوص مقاصد کیلئے ان ملاقاتوں کے مخصوص حصے جاری کئے گئے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی پارٹی کارکن کسی فوجی یا متعلقہ اداروں کے اہلکاروں سے ذاتی یا سرکاری سطح پر ملاقات نہیں کرے گا۔
قومی سلامتی یا آئینی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے کوئی ملاقات ضروری ہوئی تو پارٹی قائد سے اجازت حاصل کی جائے گی۔
علیحدگی سے ملاقات کرنے پر قیاس آرائیاں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جس کو روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔