اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بدھ 30 ستمبر سے ملک بھر میں پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا.
اور جو شرائط پر عملدرآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک میں کورونا صورتحال اور حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا،
جس کے بعد این سی او سی نے پرائمری کلاسز کے بدھ سے آغاز کی منظوری دیتے ہوئے کہا ملک بھر میں پرائمری ایجوکیشن سیکٹرکھول جائیں گے۔
اجلاس میں تمام سکولز میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ،سکول ٹیچرز اور دیگر سٹاف کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ،
بچوں کو سینیٹائزز کے استعمال کے بعد ہی ماسک پہن کر سکولز میں داخلے کی اجازت ہوگی،
سکولز میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی.
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت اہم فیصلہ کیا اور یہ اہم فیصلہ یوں ہے کہ سب سے زیادہ تعداد میں طالبعلم پرائمری سطح پر ہیں اور تقریبا 3کروڑ بچے پرائمری کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس لیے فیصلہ انتہائی سوچ بچار کے بعد لیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقدہ اجلاس میں ہم نے سارے صوبوں اور اکائیوں کو شرکت کی دعوت دی اور سارے فیصلے بہت گفت و شنید اور سب کی رائے لینے کے بعد کیے گئے۔