دوست محمد مزاری

اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے اور یہ خود انتشار کا شکار ہیں، دوست محمد مزاری

لاہور (لاہورنامہ) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے اور یہ خود انتشار کا شکار ہیں،

کیونکہ یہ ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں اور بیک ڈور پالیسی کے ذریعے اپنے اپنے ذاتی مفادات کی کوشش میں مصروف ہیں،

ان کی حکومت مخالف تحریک عوامی حمایت سے محروم ہوگی،

یہ عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور ان کی ذاتی مفادات اور کرپشن سے آلودہ سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت عوامی بہبود کے تمام منصوبے تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔

حکومت شوبازیوں کی بجائے عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

ہماری حکومت ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف اداروں کو استعمال کر رہی ہے بلکہ اپوزیشن نے جو بویا ہے وہی کاٹ رہی ہے.

اور اپوزیشن کا اداروں پر بے جا الزام اور حکومت کے خلاف شور شرابا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔

تمام ادارے آزاد ہیں اور اپنی اپنی حدود میں رہ کر اپنی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ملک قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دیں۔