آصف زرداری پر فرد جرم عائد

پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنس ،سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم عائد

اسلام آ باد (لاہورنامہ) سابق صدر آصف زرداری پر مزید دو نیب ریفرنسز میں فرد جرم عائد کردی گئی،

سابق صدر سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ،

احتساب عدالت نے پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنس میں گواہاں کو طلب کرلیا۔

پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیسوں کی سماعت کی جس میں آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی حاضری لگوائی گئی.

جب کہ گزشتہ سماعت پر غیر حاضر ملزم شیر علی بھی عدالت میں پیش ہوا۔

دورانِ سماعت سابق صدر آصف زرداری اور دیگر ملزمان کو پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی چارج شیٹ دی گئی جب کہ ملزمان کو فرد جرم کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

پارک لین ریفرنس میں 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں کل 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

سابق صدر آصف زرداری نے فرد جرم عائد کیے جانے پر صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔