لاہور جنرل ہسپتال

لاہور جنرل ہسپتال کے توسیع منصوبے کیلئے مزید 2800کنال اراضی کی ضرورت ہے،سیمی بخاری

لاہور (لاہورنامہ) ممبر نیشنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال کے توسیع منصوبے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے زمین فراہم کرنے کے دیرینہ مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا.

وزیر اعظم پاکستان سے 2800 کنال اراضی مہیا کرنے کیلئے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی جائے گی.

تاکہ یہ ادارہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہو سکے۔

سیمی بخاری
لاہور جنرل ہسپتال کے توسیع منصوبے کیلئے مزید 2800کنال اراضی کی ضرورت ہے،سیمی بخاری

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنرل ہسپتال میں کورونا اور ڈینگی میں مبتلا مریضوں کی تشخیص، علاج،روک تھام اور عوامی آگاہی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر سیمی بخاری نے ایل جی ایچ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

مریضوں اور اُن کے لواحقین کودی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں کوالٹی ہیلتھ کئیر کی دستیابی اورنظم و ضبط کی پابندی پرپر نسپل پی جی ایم آئی پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے افسر حکومت کا اثاثہ ہیں.

اور حکومت تمام ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے محنت و لگن کے ساتھ پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دینے والے میڈیکل ٹیچرز اور اس شعبہ سے وابستہ تمام افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفرنے ڈاکٹر سیمی بخاری کو ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2800کنال اراضی کی دستیابی سے امیر الدین میڈیکل کالج کا کیمپس،ڈاکٹر زو نرسنگ ہاسٹلز، ملازمین کی رہائشی کالونی اور نئے ہسپتال کی تعمیر سے بہت بڑا ریلیف ملے گا.

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کی وبا مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی بلکہ حالیہ دنوں میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا.

اس کی بنیادی وجہ عوام کی جانب سے کورونا کی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کو نظر انداز کرنا ہے۔

انہوں نے سکولوں کی انتظامیہ، شادی ہالوں، امام مساجد اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں کورونا کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں.

انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں آپریشن سے پہلے ہر مریض کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہوا ہے اور یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر نیشنل سٹینڈنگ کمیٹی ہیلتھ و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری نے کورونا وبا کے دوران پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کی مریضوں کے علاج معالجہ و ان کی رہنمائی کے سلسلہ میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی ایچ کی قائم ہیلپ لائن سے ملکی و غیر ملکی افراد نے بھی بھرپوراستفادہ کیا۔

ڈاکٹر سیمی بخاری نے مزید کہا کہ کورونا کی موجودہ لہر اور اس کے ادراک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں طبی ماہرین کی تجاویز وفاقی حکومت کو پیش کروں گی۔

ڈاکٹرسیمی بخاری نے کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن ہیروز ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے.

اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے مطابق اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی حالیہ لہر پر خصوصی نظر ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومت شہریوں کو اس مرض سے بچانے کیلئے تمام تر توانائیاں برو کار لائے گی۔اس موقع پر پروفیسر خالد وحید، پروفیسر محمد نذیر،پروفیسر جودت سلیم، ڈائریکٹر ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔