لاہور (لاہورنامہ) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کابس چلے توقیام پاکستان کے خواب اور اسے بنانے کاسہرا بھی اپنے سر باندھ لیں ،
آپ اتنے ہی بہادر اور جراتمند لیڈر ہیں تو ویڈیولنک کے ذریعے للکارے مارنے کی بجائے وطن واپس آکر اپنے کیسز کا عدالتوں میں دفاع کریں،
نوازشریف کا اداروں کے حوالے سے رویہ قابل مذمت ہے ۔
جمشیداقبال چیمہ نے کہا کہ نام نہاد ”تجربہ کار ”مسلم لیگ (ن) کے اکنامک ماڈل سے صرف تباہی پھیلی ، روپے کو مصنوعی طریقے سے اوور ویلیو رکھا گیا اور جب وہ اپنی اصل سطح پر آیا تو قوم کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ،
تاریخ میں پہلی حکومت تھی جس نے انتہائی بلند شرح سے 14ارب ڈالر کے کمرشل قرضے لے رکھے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو خود مختار ادارہ ہے اور حکومت کا اس پر کوئی اثر و رسوخ نہیں ہے ۔
موجودہ دور میں صرف یہ ہوا ہے کہ حکومت نے احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں اور ہم اس عمل میں ہرگز کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔
اگر نیب کے قانون میں جھول تھی تو پھر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار میں کیوں اس میں تبدیلی نہ کی۔
ماضی میں قومی احتساب بیورو کے ادارے کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا گیا لیکن ہم ایسی کسی روایت کو پروان نہیں چڑھائیں گے۔