اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین این آئی ٹی بی کو ہدایت کی ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے مفصل حکمت عملی اور روڈ میپ تشکیل دیا جائے ،
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی نوجوان آبادی اور تعلیم یافتہ افراد میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،
ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کویکسر نظر انداز کیے جانے کے باوجود ہمارے جوانوں نے اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا .
جس میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجا یاسر ہمایوں، چیئرمین این آئی ٹی بی (نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ) سید شباہت علی شاہ، عامر ہاشمی، وائس چانسلر آئی ٹی یو ڈاکٹر سرفراز خورشید، شباہت رفیق اور چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور شریک ہوئے۔
اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ خصوصاً گلوبل چِپ ڈیزائن انڈسٹری کے شعبے میں ملکی نوجوانوں کی استعدادِ کار کو برؤے کار لانے کے حوالے سے تجاویز اور اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی نوجوان آبادی اورتعلیم یافتہ افراد میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،
ہماری نوجوان آبادی ملک کا اصل اثاثہ ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے بھرپور حصہ ڈالنے کے لئے ضروری ہے کہ جدید شعبوں میں ان نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کویکسر نظر انداز کیے جانے کے باوجود بھی ہمارے جوانوں نے اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے۔
موجودہ حکومت سرکاری سطح پر اس شعبے کی معاونت کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین این آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے مفصل حکمت عملی اور روڈ میپ تشکیل دیا جائے.