شیخ رشید

ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنانے میں بین الاقوامی طاقتیں ملوث ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد( لاہورنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنانے میں بین الاقوامی طاقتیں ملوث ہیں، سیکیورٹی اداروں نے 14ایسے گروپوں کو گرفتار کیاہے .

جو شیعہ سنی فسادات کیلئے شیعہ سنی علماءکو قتل کرنا چاہتے تھے جس میں ایک گروہ اسلام آباد کے علاقہ بارہ کہو سے بھی پکڑا گیاہے جبکہ دوسرے گروہ سرگودھا اور کراچی سے پکڑے گئے ہیں ۔

جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور لواحقین کے تمام مطالبات منظور کر کے وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ کر دی ہے.

اور علماءکرام معاملات طے کرنے میں لگے ہوئے ہیں جیسے ہی معاہدہ طے ہو جائے گاوزیر اعظم اسلام آباد سے کوئنہ کیلئے روانہ ہو جائیں گے ۔

عمران خان کی پہلے دن سے اپروچ ہے کہ ملک سے تفرقہ بازی کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو وفاقی وزراءعلی زیدی اور زلفی بخاری دھرنے والوں کے ساتھ مذکرات کیلئے کوئٹہ میں ہی موجود ہیں ۔

امید ہے کہ خوش اسلوبی سے اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف سی کو تحقیقات کا دائرہ بڑھانے کا حکم دیاہے اور ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کیلئے تیار ہیں جبکہ جیسے ہی معاہدہ ہوتا ہے وزیر اعظم جانے کی لئے تیار ہیں ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میتوں کا احترام کرتے ہوئے ان کی تدفین کر دینی چاہئے ۔ علما کرام بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے تھرٹس ہیں۔