کیپیٹل ہلز حملہ

کیپیٹل ہلز حملہ، عمارت سے حساس مواد چوری، وزارت انصاف کو تشویش

واشنگٹن(لاہورنامہ) امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ کیپیٹل ہلز کانگریس کی عمارت سے حساس معلومات چوری ہونے کے بعد قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں،

دوسری جانب پینٹا گون کا کہنا ہے کہ عمارت کے ارد گرد نیشنل گارڈ تعینات کر دئےے گئے ہیں جو جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری تک ڈیوٹی سر انجام دینگے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جمعرات کو امریکی محکمہ انصاف نے واضح کیا کہ کانگریس کی عمارت سے حساس معلومات چوری ہونے کے بعد قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

وزارت کا یہ بیان امریکی دارالحکومت واشنگٹن دو روز قبل مشتعل مظاہرین اور سبکدوش صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے دھاوا بولنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

جمعرات کوبین الاقوامی میڈیا کے مطابق کانگریس کی عمارت کے آس پاس نئی فوجی کمک لگا دی گئی ہے۔پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ نیشنل گارڈ کی نقل و حرکت 20 جنوری کو صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری تک جاری رہے گی۔

امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ‘اسوسی ایٹڈ پریس’ کو بتایا کہ وزارت دفاع نے باضابطہ طور پر 6 شمال مشرقی ریاستوں سے نیشنل گارڈ کے 6200اہلکاروں کو واشنگٹن میں کیپٹل پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کے لیے طلب کیا ہے تاکہ امریکا میں انتقال اقتدار کے مراحل میں کسی قسم کاخون خرابہ نہ ہو۔