قصور(لاہورنامہ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قصور شبیر حسین چیمہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اقبال جاوید، ایم ایس ڈاکٹر لائیق چوہدری،ڈی ایچ او ڈاکٹر مبشر لطیف، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر امتیاز احمد اولکھ، ڈی ایچ او ایم ایس ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور دیگر نے شرکت۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 11جنوری 2021سے شروع ہو رہی ہے.
جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں 6لاکھ 44ہزار 660بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے.
جبکہ 5لاکھ 80ہزار 194بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دیئے جائینگے۔ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 1381موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائینگی۔
اس کے علاوہ 3444پولیو ورکرز بھی ڈیوٹی دینگے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ حکومت بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
پوری قوم پولیو کے خلاف متحد ہے آئندہ نسلوں کو پولیو فری پاکستان دینا ہم سب پر فرض ہے۔پولیو کے چیلنج سے کامیابی کیساتھ نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو پوری یکسوئی کے ساتھ کام کرنا اور منزل کی جانب پورے عزم کیساتھ پیش قدمی جاری رکھنا ہو گی۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلوائیں اور ٹیموں کیساتھ بھرپور تعاون کریں تا کہ پولیو کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔