لاہور(لاہورنامہ)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ جیسے جیسے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے ،
مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت تمام جماعتیں پی ڈی ایم کی تحریک سے سیاسی تقویت لینے میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔
جمشیداقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کی سازشوں اور پراپیگنڈے کے باوجود ملک کو کامیابی سے لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ، اقتدار سے دوری کی وجہ سے اپوزیشن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور ان کی نظر میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنا ہی ترقی کا اصل پیمانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ کرپشن کیسز میں نامزد ملزمان کے اکٹھ سے ہرگز خوفزدہ ہوں گے اور نہ کسی دبائو میں آئیں گے،
وزیر اعظم عمران خان بر ملا کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن سے ہر معاملے پر بات ہو سکتی ہے لیکن ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کو این آر او ملے گا اور نہ احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں کوئی رکاوٹ ڈالی جائے گی۔