شاہ محمودقریشی

شاہ محمودقریشی سے افغان سیاسی رہنما استاد کریم خلیلی کی ملاقات

اسلام آباد (لاہور نامہ)وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر صادق خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان حزب وحد ت اسلامی کے سربراہ محمد کریم خلیلی کی ملاقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب وحدت اسلامی کے سربراہ استاد محمد کریم خلیلی اور ان کے وفد کا استقبال کیا،

وزیر خارجہ نے پرامن، معتدل اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کی حمایت کے تسلسْل کی تجدید کی۔ایمبیسڈر صادق خان کے مطابق وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہب،تاریخ،ثقافت اور روایات کے بندھن سے باہم منسلک ہیں،

وزیر خارجہ نے باہمی تعلقات میں مذید استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کی تجدید کی، انہوں نے باہمی تعلقات کو مظبوط بنانے کے لیے پاکستان کے متعدد اقدامات کو اجاگر کیا۔اپنے ٹویٹ میں ایمبیسڈر صادق خان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی عسکری حل نہیں ہے،

افغانستان تنازع کا بات چیت کے زریعہ حل ہی پیش رفت کا واحد راستہ ہے۔ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے افغانوں کے زریعہ افغانوں کے لیے ایک تفصیلی کثیر الجہتی حل پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں اب تاریخی کامیابیوں کے حصول میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا،

انہوں نے پاکستان کے افغان امن عمل میں سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔محمد صادق خان کے مطابق وزیر خارجہ نے زور دیا کہ افغان قیادت کو پائیدار امن کے حصول کے لیے اس تاریخی موقع کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے،

وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے تمام فریقین پر تشدد میں کمی کے زریعہ جنگ بندی کی طرف پیشرفت کرنے کے مطالبے کو دہرایا۔شاہ محمود نے افغانستان کے اندر اور باہر موجود امن عمل کے دشمنوں کے کردار پر تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن دشمن خطے اور افغانستان میں امن کو لوٹتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

ایمبیسڈر محمد صادق خان نے بتایا کہ استاد کریم خلیلی نے بالخصوص امن عمل اور لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا،استاد کریم خلیلی نے نئی ویزا پالیسی کے زریعہ افغان باشندوں کو سہولت فراہم کرنے اور باہمی تجارت کو استحکام دینے کے حوالے سے پاکستان کے متعدد اقدامات کو سراہا۔