لاہور (لاہور نامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی-
چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی بھی اس موقع پر موجود تھے -ملاقات میں لاہور شہر میں صفائی کیلئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-
میا ں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو لاہور شہر کی صفائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہور شہرسے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں –
آپ محنتی اور باصلاحیت وزیر ہیں،آپ کولاہور کو صاف ستھرا بنانے کی ذمہ داری دی ہے-صفائی کے لئے خراب مشینری کو جلد فنکشنل کر کے روڈ پر لایا جائے-
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور انتظامی افسران مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھائیں -اندرون شہر، چھوٹی آبادیوں اور پوش علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے-مکینیکل سوپیرز کے ذریعے سڑکوں کو صاف کیا جائے-جتنی جلد ہوسکے لاہور میں زیروویسٹ آپریشن مکمل کیا جائے-
شہر کو صاف رکھنا چیلنجنگ ٹاسک ہے -نئے جذبے اور عزم کے ساتھ اس کام میں جت جائیں – سڑکوں کی صفائی کے ساتھ سٹریٹ لائٹس اور پیچ ورک کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں -کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی ایل ڈی اے کی پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہوگی-
صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے-محنت اور جانفشانی کے ساتھ لاہور کو ایک بار پھر صاف ستھرا کر کے دکھائیں گے-
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ 40فیصد مشینری سے 85فیصد کوڑا کرکٹ اٹھا لیا ہے- کل تک 6300ٹن کوڑا کرکٹ مزید اٹھائیں گے-انشاء اللہ جلد لاہور کو زیروویسٹ کر دیاجائے گا-ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ ہمہ وقت صفائی کے کام میں مصروف ہے-
40 بڑی سڑکو ں کو مکینیکل سوپیرز کے ذریعے صاف کیا جائے گا-انہوں نے بتایاکہ ماضی میں اربوں روپے کے قومی وسائل صفائی کے لئے لگائے گئے-ہماری حکومت کم خرچ میں لاہور کی صفائی کو یقینی بنائے گی اورکوئی چیز شہریوں سے نہیں چھپائیں گے-