سراج الحق

براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

لاہور (لاہور نامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ہے،

سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے کر عوام کو حقائق سے آگاہ کرے ، لوگ کسی تحقیقات ادارے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ،

پاکستانی پی آئی اے کے طیاروں میں سفر نہیں کرتے ،معلوم نہیں، انہیں کس ملک میں بٹھالیا جائے ،پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، مگروزیراعظم دن رات کامیابیاں گنوانے میں مصروف ہیں ،

حکمران قوم کو تبائیں ان کے نزدیک خوشحالی اور کامیابی کی کیا تعریف ہے ، سیاسی پا رٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے جتھے ہیں ، غریب کا بچہ تعلیم سے محروم جبکہ اشرافیہ کے بچے بیرون ملک ایلیٹ اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں،

جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن سے پاک فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ضلع دیر کے امیر اعزاز الملک افکاری بھی موجودتھے ۔انہوں نے افسوس کا ا ظہار کیا کہ پانامہ سکینڈل میں ملوث 436 افراد کے خلاف اگر عدالت عالیہ نے ایکشن لیا ہوتا تو آج براڈشیٹ جیسے سکینڈلز سامنے نہ آتے ۔

براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومت اور پی ڈی ایم کامیابی کے دعوے کر رہی ہے ۔ میں کہتاہوں کہ دونوں کا میاب جبکہ ملک کی مظلوم عوام ناکام ہو گئی۔ عدالت نے ماضی میں کی گئی غلطیوں کا خود اعتراف کیا ہے اب قوم کے اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر حالات ایسے رہے تو لوگ خدانخواستہ خود چوکوں چوراہوں میں اپنی عدالتیں لگانا شروع کردیں گے ۔

جماعت اسلامی ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر شہری کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ہو ۔ غریب کو علاج کے لیے سہولت ملے اور اس کا بچہ سکول جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور نااہلی کے مزید سکینڈلز سامنے آئیں گے ۔

موجودہ حکومت کرپشن کیخلاف ایکشن کے تمام وعدوں سے پھر گئی ۔ داخلہ اور خارجہ محاذ پر اس کی ناکامیاں واضح ہوچکی ہیں ۔ نااہلی کے سینگ نہیں ہوتے ، حکومت نے ہر میدان میں اپنے آپ کو نااہل ثابت کردیاہے ۔

ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارہ کو روک لیا گیا ۔ یہ حکومت اس بات پر خوشی کے شادیانے بجا رہی ہے کہ مسافروں کو چھوڑ دیا گیا ۔ لوگ پی آئی اے کے جہازوں میں بیٹھنے سے گریز کرتے ہیں ۔

ایک ایسی ایئر لائن جو پوری دنیا میں پاکستان کا فخر تھی اب تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔ اس کے پائلٹس کو خود حکومت نے بدنام کیا ۔ دنیا بھر کی عدالتوں میں ایٹمی پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے 2020 کو خوشحالی کا سال کہاتھا ، جس میں عوام پر مشکلات کے پہاڑ ٹوٹے ۔

اللہ خیر کرے انہوں نے 2021 کو بھی خوشحالی کا سال قرار دے دیاہے۔ عوام پریشان ہیں، وزیراعظم مہربانی فرماکر خوشحالی کی تعریف واضح کردیں۔ اس سال کے آغاز پر حکومت کے عوام کو دو بڑے تحفے پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہیں ۔

کرپشن ، مہنگائی بے روزگاری کادور دورہ ہے ۔ میں حیران ہوں کہ جو پارٹی سڑکوں بازاروں گلیوں میں لگے گندگی کے ڈھیر صاف نہیں کراسکتی وہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ کیسے کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے ۔ ہم فرد اور معاشرہ کی اصلاح چاہتے ہیں ۔ ہم ملک کے نظام کو قرآن و سنت کے تابع کرنا چاہتے ہیں عوام ہمارا ساتھ دیں ۔