لاہور (لاہور نامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چینی سفیر کی طرف سے بھیجا گیا خط عدالت میں پڑھ کر سنا دیا ، چین کے سفیر کا خط پڑھنے پر پراسکیوشن نے اعتراض کر تے ہوئے کہا کہ خط کا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں، عدالتی وقت ضائع نہ کیا جائے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت میں حاضری مکمل کروائی۔
فاضل جج نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر لیگی رہنما نے کہا ایک خط دینا چاہتا ہوں۔ شہباز شریف نے چین کے سفیر کا خط عدالت میں پیش کر دیا اور کہا کہ مجھے آج ہی یہ خط ملا ہے، چین کے سفیر نے میرے نام خط لکھا اور میرے سی پیک منصوبوں کی تعریف کی، ایک قیدی کو چین کا سفیر خط لکھ رہا ہے جو کسی اعزاز سے کم نہیں، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے، میرے اوپر الزامات کی دو سال سے بوچھاڑ ہو رہی ہے، اس کے باوجود چین کے سفیر میری تعریف کر رہے ہیں۔
عدالت میں شہباز شریف کے چین کے سفیر کا خط پڑھنے پر پراسکیوشن نے اعتراض کر دیا۔ پراسکیوٹر نے کہا کہ خط کا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں، عدالتی وقت ضائع نہ کیا جائے۔ فاضل جج نے کہا شہباز شریف کو پہلے کہا ہے کہ کیس کے متعلق بات کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرے منصوبوں کو دنیا مان رہی ہے۔