اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے اسلامی اتحادی فوج کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے ملاقات کی۔ دونوں کی ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں اسلامی اتحادی فوج کے تمام اسلامی ممالک سے دہشتگردی کے خاتمے کے مقصد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلامی اتحادی فوج کے دہشتگردی کے خلاف کردار کو سراہا۔ملاقات میں علاقائی استحکام ، سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ راحیل شریف نے دفتر خارجہ میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے دہشت گردی کےخلاف اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن وسلامتی کے لیے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کوسراہا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی تھی ، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔اسلامی فوجی وفد کی سربراہی اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈرجنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کی۔آرمی چیف نےعلاقائی امن اور سیکیورٹی کے لیے اسلامی فوجی اتحادکی کاوشوں کوسراہا تھا۔ واضح رہےکہ اسلامی فوجی اتحاد کا وفد جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی قیادت میں دو روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچا تھا۔ خیال رہے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، اس دورے کے دوران جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سیاسی و عسکری قیادتوں سے ملاقاتیں کریں گے
٭٭٭٭٭
Load/Hide Comments