لاہور(لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور میں کمرشل ڈیٹ میں 800فیصد اضافہ کیا ، گزشتہ دو دہائیوں میں کبھی بھی ڈھانچہ جاتی اصلاحات نہیں ہوئیں اور ہم نے معیشت کو مضبوط بنیاد دینے کیلئے اس پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ،
سابقہ ادوار میں معیشت کا ستیا ناس نہیں بلکہ سوا ستیا ناس کیا گیاجس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ،پی ڈی ایم اپنی منفی سیاست کے بوجھ تلے دب گئی ، اس کے آفٹرشاکس بھی آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ ، ایشین انفراسٹر اکچر بینک ، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ، موڈیزسمیت دیگر عالمی ادارے کہہ چکے ہیں کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے عمل کے ذریعے درست سمت میں گامزن ہے ،
ہم نے سابقہ حکمرانوں کی طرح روپے کومصنوعی طریقے سے اوور ویلیو نہیں رکھا ۔ سابقہ دور میں 7سے8فیصد پر انتہائی مہنگے 14ارب ڈالر کے کمرشل قرضے لئے گئے ہم ان کے سکوک اور یورو بانڈز کے قرضے اتار رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس بھی راستہ تھا کہ ہم بھی مصنوعی اقدامات اٹھاتے اور پانچ سال حکومت کر کے گھر چلے جاتے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے بنیادی مسائل کو جڑ سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں ،
درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کئی دہائیاں اقتدار میں رہ کرلوٹ مارکی ہے احتساب بھی انہی کا ہوناہے ، تحریک انصاف اپنے پانچ سالہ دور کا ضرور حساب دے گی اور اپوزیشن کو ہماری کرپشن ڈھونڈنے میں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا۔