لاہور(لاہور نامہ)پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کارپوریٹ چیلنج کپ میں آئی پی سی، ایکسپرٹ ڈی جی اور یوبی سپورٹس اینڈ لوکریٹیو کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے ۔اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئی پی سی نے جاز کو 12 رنز سے شکست دی۔ آئی پی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
محمد ارسلان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مدثر علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں جاز کی ٹیم 154 رنز بنا سکی۔ اعجاز بلوچ نے 36 رنز بنائے اور عمران عباس نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
عمران عباس کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں ایکسپرٹ ڈی جی نے اے ایم ٹی کو 6 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ اے ایم ٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
سعد نجم نے 60 اور علی بٹ نے 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایکسپرٹ ڈی جی نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ مسلم رضا نے 65 اور وقاص حسن نے 50 رنز کی شانداراننگز کھیلی جبکہ محمد سبحان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مسلم رضا شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
یوبی اینڈ لوکریٹیو کی ٹیم نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ سول ایوی ایشن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔
احسان اللہ نے 38 رنز بنائے جبکہ فراز حسن، میاں مبین اور رحمت شریف نے دو ،دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یو بی اینڈ لوکریٹیو کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ عثمان وحید نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مبشر اقبال نے 52 رنز بنائے ۔ عثمان وحید کو شاندار کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیاگیا۔