اسلام آباد/لاہور ( لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ حکومت کوسینیٹ میں اکثریت کیلئے ایک ایک سیٹ کی ضرورت ہے .
لیکن اس کے باوجود ہم سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہاتھ بڑھارہے ہیں،آج حکومت ان کی شرائط پر مذاکرات کیلئے بیٹھ جائے تو یہی اپوزیشن ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے کے سر ٹیفکیٹ بھی جاری کر دے گی لیکن وزیر اعظم برملاکہہ چکے ہیں یہ تباہی کاراستہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل وقت گزار لیا ہے اور اب بہتری کے واضح آثار نظر آرہے ہیں لیکن اپوزیشن کو یہ بھی ہضم نہیں ہو رہااور منفی پراپیگنڈاکیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران مخصوص ایجنڈے کے تحت احتساب کوانتقام کانام دے رہے ہیں ،جنہوں نے کئی دہائیاں حکومتیں کی ہیں سوال و جواب انہی سے ہونا ہے اورجب پی ٹی آئی اپنے پانچ سال پورے کر لے توہم بھی اپنا حساب دینے کیلئے تیار ہیں .
بلکہ ہم حکومت میں ہوتے ہوئے آج بھی حساب دے رہے ہیں۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ ملک مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور انشااللہ بہت معاشی طو رپر ٹیک آف کی پوزیشن پر آ ئے گا اوردنیا کی کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بلدیاتی اداروںکو طاقتور اوربااختیار بنانے کے لئے موثرقانون سازی کی ہے اورجب ان اداروں کا قیام عمل میں آئے گا تو عوام کے مسائل بہتر طریقے سے ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں گے۔