لاہور (لاہور نامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم جماعتوں کا استعفیٰ دینے پر اصولی موقف ہے، لانگ مارچ پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے، ملک میں مہنگائی کی وجہ سے موجودہ حکومت کو لوگ بددعائیں دے رہے ہیں،
ہم تنقید برائے تنقید نہیں کرتے ہیں، جب آئینی طریقہ کار سے باہر رہ کر کوئی غلط کام ہو گا تو اس پر تنقید ضرور کریں گے، سلیکٹڈ وزیراعظم کی ترجیحات صرف اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے اور لوگ بلبلا اٹھے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ترجیحات میں عوام شامل نہیں، ان کی ترجیحات صرف اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے، عوام کو وہ جواب دیتے ہیں جنہیں منتخب کریں،
ایک نالائق اور نااہل شخص کو اقتدار میں لایا گیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم تنقید برائے تنقید نہیں کررہے، آئین کی کوئی خلاف ورزی کرے گا تو ان کے خلاف ہم بولیں گے، اللہ نہ کرے عوام پر حکومت کا عذاب رہے،
میرا نہیں خیال مہنگائی کرکے حکومت پانچ سال پورے کر لے گی۔رہنما (ن) لیگ نے کہا ہے کہ 4 فروری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا اس میں لائحہ عمل بنائیں گے، مسلم لیگ ( (ن)اور باقی جماعتیں استعفے دینے پر یقین رکھتی ہیں،
استعفے دینے چاہئیں اور ضرور دینے چاہئیں، 4 فروری کو استعفوں کا کیا طریقہ کار ہوگا اس کا فیصلہ کیا جائے گا، بلاول بھٹو زرداری تحریک عدم اعتماد اور ان ہاس تبدیلی کی بات کریں گے تو غور کیا جائے گا،لانگ مارچ پرپی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متفق ہیں، لانگ مارچ اور دھرنا کتنے وقت کےلئے ہوگا یہ بیٹھ کر طے کریں گے۔