لاہور (لاہور نامہ)پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کھیلے جارہے کارپوریٹ چیلنج کپ میں آئی پی سی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے بی اور ڈی پی ایس نے رائونڈ میچز جیت لیے۔
ماڈل ٹائون گرینز اور ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کارپوریٹ چیلنج کپ کے دوسرے ایڈیشن میں چار رائونڈ میچز کھیلے گئے۔ ماڈل ٹائون گرینز میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آئی پی سی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اے ایم ٹی کو 4 رنز سے ہرا دیا۔
آئی پی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ ولید تبریز نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ارسلان پرویز نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اے ایم ٹی 227 رنز بنا سکی۔ شیخ وقاص نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 رنز بنائے،
محمد ندیم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شیخ وقاص کو بہترین کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ڈی پی ایس نے جاز کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ جاز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے،
علی طیب نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد جواد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈی پی ایس کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ محمد صدیق نے 62 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی ۔ محمد صدیق شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے بی کو 2 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ اے بی نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ مواز تامیہ نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سیف الرحمن نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ سول ایوی ایشن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
احسان اللہ 41 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ غلام علی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سیف الرحمن شاندار بالنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں اے بی نے ایکسپرٹ ڈی جی کو 14 رنز سے شکست دی۔ اے بی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔
مواز تامیہ نے 33 رنز بنائے جبکہ اویس حسن نے دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایکسپرٹ ڈی جی کی ٹیم 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مسلم رضا نے 46 رنز بنائے جبکہ سہیل سکندر نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مواز تامیہ کو آل رانڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔