اسلام آباد(لاہور نامہ) وکلا کی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد دوسرے روز بھی اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتیں بند رہیں جب کہ سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وکیلوں کی جانب سے ہائی کورٹ میں کی گئی توڑ پھوڑ کے دوسرے روز بھی عدالتی نظام مفلوج ہے۔ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کسی بھی مقدمے کی سماعت نہیں ہورہی۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسلام آباد ہائی کورٹ کے اندر اور باہر سیکورٹی سنبھالنے ہوئے ہے، اس کے علاوہ ریڈ زون اور سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے پر بکتر بند گاڑی کھڑیءکردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے رمنہ پولیس اسٹیشن میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت 30 سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پولیس نامزد وکلا کی گرفتاری کے لیے کارروائی بھی کررہی ہے۔