لاہور (لاہور نامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب اسمبلی کی خواتین اراکین نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض، طلعت فاطمہ نقوی اور زینب عمیر شامل تھیں –
خواتین اراکین اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے-پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نظر انداز علاقوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
آپ کی خواتین اراکین اسمبلی کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ خوش آئند ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے-پاکستانی خواتین با صلاحیت ہیں -ترقیاتی منصوبوں میں خواتین اراکین اسمبلی کے مشوروں کو اہمیت د ے رہے ہیں۔
خواتین اراکین اسمبلی کے علاقوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ عوامی خدمت کے سامنے شر پھیلانے والی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔
عوام کو دھوکہ دینا اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔عوام کو یہ ٹولہ گمراہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کا مشن نئے جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔