اسلام آباد(لاہور نامہ) پولیس نے مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر دھاوا بول دیا جس سے شاہراہ دستور میدان جنگ بن گئی۔تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کرنے والے سرکاری ملازمین اور وفاقی وزرا کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد بدھ کو ملازمین نے پارلیمنٹ ہائوس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ملازمین پر دھاوا بول دیا۔
پولیس نے احتجاجی مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کردیا جب کہ سرکاری ملازمین نے پولیس پر پتھرا ئوکیا جس کے بعد پولیس نے متعدد سرکاری ملازمین کو گرفتار بھی کرلیا۔سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث شاہراہ دستور پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی حکام نے اسلام آباد سیکرٹریٹ اور وزیراعظم ہاس جانے والے راستوں کو بند کردیا۔
پولیس کی مزاحمت کے باوجود سرکاری ملازمین سیکرٹریٹ کے دوازے کھول کر اندر گھس گئے۔صورتحال کے باعث شہر میں شدید ٹریفک جام ہوگئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملازمین کی ہڑتال کے باعث وزارتوں، محکموں، ڈویژنز میں سرکاری امور ٹھپ ہوگئے۔