کم وسائل

کم وسائل میں رہ کر وسیع بنیادوں پر فلاحی کام کرنے والے لوگ ملکی سرمایہ ہیں، یاور بخاری

لاہور (لاہور نامہ) صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود نے صوبائی وزیر کو ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

سید یاور عباس بخاری نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے بالخصوص یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ فروغ تعلیم مشترکہ مشن ہے۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے لوگ شائننگ سٹارز ہیں جو کم وسائل میں رہ کر وسیع بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ قابل قدر اور ملکی سرمایہ ہیں جن کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جانی چاہئے۔ اس ضمن میں انہوں نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی ہر طرح سے سپورٹ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماجی بہبود میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ فلاحی اداروں کی ایڈوائزری کمیٹی میں بھی غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو شامل کیا جائے گا۔ یاور بخاری نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو اپنے آبائی علاقے اٹک میں بھی ایک ماڈل تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی پیشکش کی اور اس منصوبے کی ہر طرح سے سرپرستی کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔