لاہور(لاہور نامہ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قرآن کو دیکھنا، سننا، پڑھنا، سیکھنا، سیکھانا اور سمجھنا نیکی ہے۔قرآن سے محبت اور اس پر عمل دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
مسلم اُمہ کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی پیروی میں ہے۔قرآن کا علم سیکھنے اور سکھانے کا عمل کائنات کے تمام علوم سے اعلی اور افضل ہے۔جماعت اسلامی قرآن و سنت کے نظام سے ملک میں حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے۔
انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں قرآن انسٹیٹیوٹ دارالہدی ٹرسٹ میں ترجمعہ قرآ ن کلاس کی اختتامی تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مربی نا صر بلال یو کے اسلامک مشن،ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء لاہور قاری عطاء الرحمن سمیت دیگر علماء کرام اور طلبہ موجود تھے۔
میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ قرآن ایک قانون ہے جو اللہ کی طرف سے بندوں کو دیا گیا ہے تاکہ زندگی کی وضع قطع اس کے مطابق بنائی جائے ، نشست و بر خاست اور قول و عمل قرآن کے دیئے گئے تاکہ سانچہ میں ڈھالا جائے ، اس کے بغیر نہ تو کوئی نور ہدایت پا سکتا ہے اور نہ ہی فلاح و بہبود کی کسی جھلک کی توقع کی جاسکتی ہے کیونکہ کسی بھی قابل عمل قانون میں جن بنیادی عناصر کا ہونا ضروری ہے ، وہ صرف قرآن میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلفا ئے راشد ین اور قرونِ اولیٰ کی اسلامی حکومتوں کے عروج اور اُن کی بڑھتی ہوئی تابانی اور تاریخ سے یہ بات وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ عصر حاضر میں دنیا کاکوئی قانون امن وامان ، عدل و مساوات کی ضمانت نہیں دے سکتا اور نہ ہی اس قانون سے کائناتی ماحول کی پر اگندگیاں ختم کی جاسکتی ہیں۔
خوشحالی و ترقی ، چین وسکون اور امن و امان کیلئے ملک میں اسلامی قرآن و سنت کا نظام نفاذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام لوگوں کے دکھوں اور مسائل کا مداواہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری زندگی میں قرآن داخل ہوجائے اور اس کے سانچے میں ہم ڈھل جائیں تو کیا دنیا کی کوئی طاقت ہماری چمکتی ہوئی تقدیر کو بدل سکتی ہے؟
اگر آپ چاہتے ہیں کہ قرن اول کی طرح ہمارا رعب ہو اور ہم عزت کی زندگی گزاریں تو اسکے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں کہ قرآن کو اپنے سینے سے لگا ئیں اور اسے اپنا دستورِ حیات بنالیں ۔