کراچی(لاہور نامہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کے نظام کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی میں میری ٹائم کانفرنس 2021 کا افتتاحی سیشن ہوا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا کے نظام کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
کرونا وائرس انسانیت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساحلی علاقے قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، انڈس ڈیلٹا ریجن میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، سی پیک سے خطے کے ملک بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔