اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زرمبالہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال جنوری میں 19 فیصد اضافہ ہوا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 2 ارب 27 کروڑ ڈالرز مالیت کی ترسیلات زر بھجوائیں،یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔
سمندرپارپاکستانیوں کیجانب سےجنوری میں بھجوائی جانےوالی ترسیلاتِ زر 2.27 ارب$ رہیں جوجنوری 2020 سے19% زیادہ اور لگاتار آٹھویں ماہ بھی 2ارب$ سےزائد رہیں۔ رواں مالی سال میں اب تک یہ گزشتہ برس کی نسبت24%زیادہ ہیں۔ملک کیلئےیہ ایک ریکارڈہےجس پرمیں اپنےسمندرپارپاکستانیوں کا شکرگزارہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 15, 2021
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو کہ گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے،
یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ رواں برس اب تک گزشتہ برس کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور اس پر وہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔
اپنی دوسری ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (بڑے پیمانے پر پیداواری شعبہ) کے حوالے سے بھی اچھی خبر بتاتے ہوئے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں دہرے ہندسے کی نمو دیکھنے میں آئی ہے،
دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا، اس طرح جولائی 2020 سے دسمبر تک لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتی شعبے میں بھی خوشخبری مستحکم نمو کی عکاس ہے۔