معاشرہ نامکمل

خواتین کے بغیر معاشرہ نامکمل،معاشرے کی تکمیل میں خواتین کا بنیادی کردار ہے، میاں وقاص

لاہور (لاہورنامہ)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سنٹرل پنجاب کے وائس پریذیڈنٹ میاں وقاص وحید نے کہا ہے کہ خواتین کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے ـ معاشرے کی تکمیل میں خواتین بنیادی کردار ادا کرتی ہیں ـ

محض ضروریات زندگی پوری ہونے سے انسان اور کنبہ خوشحال نہیں ہو تا ـ اس کے لئے ایمان ضروری ہے، ایمان کے بغیر خوشی کا حصول ممکن نہیں ہے ـ

بظاہر مغربی معاشروں میں لوگوں کا معیار زندگی بہت بہتر نظر آتا ہے لیکن اس کے باوجود وہاں لوگ سب سے زیادہ خودکشیاں کرتے ہیں. جس کی وجہ خاندانی نظام ایسا نہ ہونا ہے جس طرح کا اسلام پیش کرتا ہے .

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ لاہور ٹرسٹ کی وائس پریذیڈنٹ صباح ثاقب اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔ میاں وقاص وحید نے کہا کہ مغربی معاشروں میں نہ صرف ان کا لائف سٹائل بہت بہتر ہے بلکہ حکومت کی جانب سے لوگوں کو صحت و تعلیم کی اچھی سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ مالی تعاون بھی کیا جاتا ہے .

اسلام میں انسان ہر مشکل میں اللہ کو یاد رکھتا ہے ، اس کی اطاعت کرتا ہے اور اللہ کا وعدہ ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی آنے والی ہے ـمیاں وقاص وحید نے کہا کہ اسلام میں مرد و خواتین برابر ہیں لیکن ان کی ذمہ داریاں مختلف ہیں ـ

ہر معاملہ میں عورت کے مقام کو اجاگر کیا گیا ہے ـ انہوں نے کہا کہ عورت کے بغیر معاشرہ پروان نہیں چڑھ سکتا اس لئے ہمیں خاندان کی بہتری کے لئے عورت کی تربیت اور صلاحیتوں پر توجہ دینا ہو گی تاکہ بہترین خاندان کی تشکیل اور معاشرہ میں اپنا فعال کردارادا کر سکے.