اسلام آباد (لاہور نامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پاکستان کے حقیقی تصور کو اُجاگر کرنے اور معاشرے میں اسلامی تعلیمات کے مطابق برداشت، ہم آہنگی اور امن و سکون کے پیغام کو عام کرنے اور بقائے باہمی کے اصولوں کو اپنانے کے قومی مشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی عرض سے ملک بھر کے ائمہ اور خطباء کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ائمہ اور خطباء کی تربیت کے لیے شعبہ فکِر اسلامی، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کی تیارکردہ 9یونٹ پر مشتمل درسی کتاب کی اشاعت کی منظوری دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو ایک مثالی اور قابل تقلید رول ماڈل بنانے کے لیے ایسے تربیتی پروگرام وقت کی اولین ضرورت ہیں اور اوپن یونیورسٹی اس ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے ایک جامع تربیتی نصاب کی تیاری پر پر وفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، چئیرمین شعبہ فکر اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔اِس کتاب کے ابواب میں ابلاغی مہارات،اصول تعلیم، عمرانیات اور سماجی ذمہ داریاں، بین الاقوامی تعلقات اور ریاستی ذمہ داریاں، اسلام میں اختلاف کے اداب، اسلام میں بنیادی انسانی حقوق اور تطبیقات، اسلامی اخلاقیات اور تعمیر شخصیت، تخلیقی اور تنقیدی فکر، اسلام میں اجتہاد کی روایت اور دعوت اسلام کے نئے تناظرات شامل ہیں۔
شعبہ فکر اسلامی کے چئیرمین کے مطابق اِس کتاب کی اشاعت کے بعد یونیورسٹی ملک کے بڑے شہروں میں قائم اپنے علاقائی دفاتر میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی، جن میں ائمہ اور خطبا ء کو تربیت دی جائے گی کہ وہ ایک عظیم قوم بنانے کے لیے قومی اتحاد کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار اداکریں۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ منبر و محراب معاشرے کی روحانی اور فکری راہنمائی کا موثر پلیٹ فارم ہیں اور اگر یہاں سے مثبت سوچ اور احساس ذمہ داری کا پیغام دیا جائے تو معاشرہ حقیقی معنوں میں امن اور ترقی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے ا مید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کی اِس سرگرمی سے معاشرے میں پُرامن بقائے باہمی کے لیے اپنا بہترین معاشرتی کردار ادا کرنے میں اماموں اور خطیبوں کو آگاہی اور سہولت ہوگی۔