میں بھی وزیراعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا‘ شیخ رشید

راولپنڈی:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری ہے اوراگرمیں بھی وزیراعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا۔بدھ کو وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ سعودیہ پاکستان کا تاریخی دورہ ہوگا۔ عمران خان نے ذاتی تعلق سعودی پرنس اورمتحدہ عرب امارات کے سربراہ سے بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لیٹرے ملک کو لوٹ کرگئے ہیں، عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا، اگر میں بھی وزیراعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا۔ انہوں نے کہا کہ 40 بندوں کی لائن لگی ہے وہ سب جیل جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تھل ایکسپریس ملتان سے کراچی تک بھی جائےگی، یہ ٹرین مزدوروں نے بنائی ہے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،مزدوروں کو ایک اسکیل دینا ہے، ریلوے پولیس کی تنخواہیں بڑھائیں گے جبکہ قوم سے وعدہ ہے ٹرین سے جال بچھا دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ سال میں 20فریٹ ٹرینیں چلائیں گے،غریب کے لیے پٹری ڈالوں گا ،کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک کا فیصلہ ہو جائے اور نالہ لئی بھی بننے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 14سال سے جو کالج رکا ہوا ہے اس ماہ اس کا افتتاح ہو جائےگا۔