ثمن رائے, سوشل میڈیا

پی آر اوز عوامی فلاح کی مؤثر تشہیرکیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں،ثمن رائے

لاہور (لاہور نامہ) ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب ثمن رائے نے کہاہے کہ پبلک ریلیشنز آفیسرز حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کی مؤثر تشہیر کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک کے علاوہ سوشل میڈیا کا بھی بھرپور استعمال کریں۔

پبلک ریلیشنز کے شعبے میں جدت لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثراستعمال ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں منعقدہ پی آر اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈائریکٹرز روبینہ افضل، عابد نور بھٹی،جاوید یونس، محمد طاہر اور تمام پی آر اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ثمن رائے نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جدید تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے محکمہ تعلقات عامہ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے .

جس سے محکمہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پی آر اوز کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کی روزافزوں ترقی اور تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنے متعلقہ محکموں کی میڈیا پالیسی کو نئے خطوط پر استوار کیاجائے۔

دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے محکمہ کے افسران کی جدید ٹیکنالوجی اور اس کے مؤثر استعمال میں مہارت لازمی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلقات عامہ کی تنظیم نو کے حوالے سے ایک جامع پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیاگیا ہے جس سے حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر زیادہ بہتر انداز میں تشہیر ممکن ہوگی۔