لاہور(ٌلاہور نامہ) عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریبوں کو زندہ درگور کر دیا ہے۔
حکومتی وزراء اور مشیر محکموں کے آگے بے بس ہیں۔ بیورو کریسی انہیں انگلیوں پر نچارہی ہے۔ان وزراء اور مشیروں میں فیصلے کی قابلیت ہے ناہی مہنگائی اور مافیا کو کنٹرول کرنے کا شعور۔غریب عوام دہائیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے ایکسپوسینٹر سے کنال روڈ تک مہنگائی کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔غریبوں کو مہنگائی کی دلدل میں مسلسل دھکیلا جا رہا ہے۔
آئے دن پٹرول، ایل پی جی، گیس، بجلی،پانی اور اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ رمضان شریف کی آمد سے قبل ہی آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں کوپر لگ گئے ہیں اپوزیشن بھی اپنے مفادات کیلےء اکٹھی ہوئی اسے بھی عوام کا درد نہیں۔
اپوزیشن نے اب تک جتنے بھی جلسے جلوس کئے ہیں ان میں غریب عوام کے لئے آواز بلند نہیں کی۔اب غریبوں اور مزدوروں کو اپنی جنگ خود لڑنی پڑے گی ۔اس لئے عوامی رکشہ یونین مہنگائی کے خلاف ”ظالم حکمرانوں جواب دو، مہنگائی کا حساب دو“ مہم چلائے گی اور ان کو شعور دینے کیلئے پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے جس میں نعرہ درج ہوگا ”مہنگائی کے خلاف جنگ، مجید غوری کے سنگ“ اس سلسلہ میں پہلی احتجاجی ریلی جوہرٹاؤن میں نکالی گئی ہے۔
اس کے بعد پورے شہر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔احتجاجی ریلی میں سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی جو مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹ کونسل پاکستان کے مرکزی چیئرمین تنویر خان، منی مزدا ایسویس ایشن کے رہنما چوہدری فلک شیر جٹ،مرکزی صدر عوامی رکشہ یونین ذیشان اکمل، وائس چیئرمین حاجی رفاقت،مرکزی سیکرٹری جنرل وارث جوئیہ، لاہور کے صدر عزیز عباسی، لاہورکے سیکرٹری جنرل اے ڈی فیصل نے بھی خطاب کیا۔