حافظ طاہر اشرفی

پاکستان کا تحفظ کرنیوالی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، حافظ طاہر اشرفی

فیصل آباد(لاہور نامہ)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی استحکام پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے .

انہو ں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پرسوار ہو کر آنیوالے آج جمہوریت کی بات کرتے ہیں ، ہمارے حساس اداروں پر طعنہ زنی کرنے والے دشمنوں کو خوش کرنے کے ایجنڈے پر کار فرما ہیں ،پاکستان کا تحفظ کرنیوالی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں مگرہمیں سازشیں کرنیوالوں کو روکنا آتا ہے،

اتوار کو فیصل آباد آرٹس کونسل میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علما کرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی مذہبی، دینی، نظریاتی، اخلاقی، انسانی اساس کے محافظ ہیں جو ختم نبوت کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کرسکتے .

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان زندہ باد کہااور مخالف قوتوں کے ملک میں افرا تفری پھیلانے کے منصوبہ و ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا بعض لوگوں کو آج جمہوریت بہت یاد آتی ہے ان کے دوہرے معیار کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ جہاں وہ جیت جائیں وہاں بہت اچھے انتخاب کا نعرہ لگتا ہے .

لیکن جہاں ہار جائیں وہاں کہتے ہیں دھاندلی ہوئی لیکن عوام ایسے لوگوں کو بخوبی جان اور پہچان چکے ہیں اور اب وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے انہوں نے کہاکہ ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ عمران خان ایک ایک حاکم کو خط لکھ رہا ہے کہ ختم نبوت پرسب مسلم اکٹھے ہوجائیں انہوں نے کہاکہ دلوں میں اللہ آجائے تو مدینہ کی ریاست بن جائے گی .

کیونکہ اس کیلئے ہر شخص کو اپنے کردار کیلئے مخلص ہوکر آگے آنا ہوگا ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے لیکن عوام ان عوامل کو نہ بھولیں اور ان چہروں کو یاد رکھیں جن کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک اس نہج پر پہنچا ، حزب اختلاف کے قائدین سے کہتے ہیں کہ آﺅ مل کرمدینہ کی ریاست بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دو ،

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ عمران خان کسی سے بلیک میل ہونے یا قومی دولت لوٹ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں اور نہ ہی کسی کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے ڈر کر کبھی بھاگیں گے ، عمران خان ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے سینیٹ کے الیکشن میں اوپن بیلٹنگ اور شو آف ہینڈ کی بات کرتے ہیں تو اپوزیشن اس کے خلاف واویلا شروع کردیتی ہے .

جس کا مطلب ہے کہ ان کے دل میں کچھ کالا ضرور ہے ورنہ اپوزیشن شو آف ہینڈ کی مخالفت نہ کرے انہوں نے کہا کہ مدرسے کی تعلیم کو ستر سال بعد وزارت تعلیم سے منسلک کردیاگیا ہے جو ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں .

لیکن اپوزیشن نے اپنے بیرونی آقاﺅں کو خوش کرنے کیلئے اپنے حساس ملکی اداروں پر تنقید کی ، حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی سیکورٹی اداروں کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔