لاہور( لاہور نامہ) لاہور ہائیکورٹ کے معزز جج پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید کو سینیٹ انتخابات کے لیے نااہل قرار دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف پرویز رشید کی اپیل پر سماعت کی۔
پرویز رشید اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پنجاب ہائوس کے کنٹرول اور الیکشن کمیشن کے افسران بھی عدالت میں حاضر ہوئے ۔پرویز رشید کی جانب سے موقف اپنایا تھا کہ ریٹرنگ آفیسر نے غیر قانونی طور پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے،
ریٹرنگ آفیسر کے اعتراض دور کرنے لیے تگ و دو کی لیکن اعتراض دور نہیں کیے گئے، الیکشن کمیشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں، الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔
پرویز رشید کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پہلے بھی پرویز رشید نے سینیٹ کا انتخاب لڑا تب تو کسی نے اعتراض نے نہیں کیا۔ سپریم کورٹ بھی سیاسی انتقام سے متعلق فیصلوں میں لکھ چکی ہے اور پرویز رشید کے کیس میں سیاسی انتقام کھل کر سامنے آچکا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ ریکارڈ آچکا ہے اور عدالت چیک کرلے کہ پرویز رشید پنجاب ہائوس میں نہیں رہے۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ پرویز رشید نے اپیل میں کہیں نہیں کہا وہ پنجاب ہائوس میں نہیں رہے۔
الیکشن ٹریبونل کے سنگل رکنی بینچ جسٹس شاہد وحید نے پرویز رشید کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے پرویز رشید کو سینیٹ انتخاب کے لیے نااہل قرار دیدیا۔