لاہور( لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نوشتہ دیوار پڑھ لیں .
انشا اللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی اور آئندہ بھی اس کی بہت سی حکومتیں آئیں گی،
مسلم لیگ (ن) کے وسطی پنجاب میں ووٹ بینک کو بڑا دھچکا لگا ہے اس لئے منصوبہ بندی کے تحت دھاندلی کا واویلا کیا جارہا ہے ،ہر دور میں بجٹ اور سینیٹ انتخابات کے موقع پر اتحادی اور اراکین اسمبلی اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہیں اور اسے ناراضی کا نام نہیں دیا جا سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی وفاق میں چار ،چار بار ، پیپلز پارٹی سندھ میں چھ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب میں چا ربار حکومتیں بنا چکی ہیں لیکن عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے دونوں جماعتوں کو شکست سے دوچار کیا ،
کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لینے والے ڈھائی سال والی حکومت کو ناکام قرار دے رہے ہیں، پی ٹی آئی نے دونوں جماعتوں کی سیاست کو الٹا کر رکھ دیا ہے اور یہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں موجودہ حکومت اپنی آئینی پوری کرے گی اور آئندہ بھی تحریک انصاف کی بہت سی حکومتیں آئیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی ناراضی نہیں اراکین کے جو گلے شکوے ہیں وہ معمول کا حصہ ہے اور انہیں دور کیا جارہا ہے ، ہم نے اپنی اتحادی مسلم لیگ (ق) کو سینیٹ میں اپنی سیٹ دی ہے اور اس سے اتحاد مزید مضبوط ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول زرداری کی بیٹھک سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں بلکہ دونوں جماعتیں اپنی سیاست کو تقویت دینے کے لئے ایک دوسرے کاکندھا استعمال کر رہی ہیں۔