لاہور (لاہور نامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے تمام سی ای اوزہیلتھ کو خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے مؤثرجامع حکمت عملی بناکربھیجنے کا ٹاسک دے دیاہے۔
وزیر صحت نے سی ای اوزہیلتھ کو یہ ٹاسک مقامی ہوٹل میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے زیراہتمام خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے آگاہی سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی حاضرین سے خطاب کے دوران دیا۔
اس موقع پر وزیر محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکرنل(ر)ہاشم ڈوگر،سیکرٹری محکمہ پاپولیشن ویلفیئرعلی بہادرقاضی،ڈاکٹراختررشید،پروفیسرجاویدچوہدری،محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے ضلعی افسران اور تمام سی ای اوز ہیلتھ نے شرکت کی۔ڈاکٹراختر رشد نے حاضرین کو خاندانی منصوبہ بندی کے اعدادوشمارکی روشنی میں آئندہ حکمت عملی وضع کرنے کے حوالہ سے پریزینٹیشن دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے آگاہی سیمینارکے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی میں سب سے اہم جزو ماں کی صحت ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق خاندانی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے ساتھ جامع حکمت عملی وضع کرچکے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ایک صحت مندماں ہی صحت مندمعاشرہ کی بنیادرکھ سکتی ہے۔ بچے کی بہتر نشونماء اورپرورش کیلئے ماں کی صحت کویقینی بناناہم سب پرفرض ہے۔بچوں کے درمیان مناسب وقفہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کیلئے انتہائی اہم ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کوئی بھی ملک خاندانی منصوبہ بندی کے بغیر ترقی کرہی نہیں سکتا۔خاندانی منصوبہ بندی کیلئے دیہاتی خواتین میں بیداری شعور انتہائی اہم ہے۔تمام سی ای اوز ہیلتھ محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے ضلعی افسران کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔
وزیر صحت پنجاب نے مزیدکہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کو کامیاب بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکومل کرتعاون کرناہوگا۔خاندانی منصوبہ بندی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے ہوں گے۔تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی خاندانی منصوبہ بندی پر ہرماہ اجلاس طلب کرے۔
ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ماں بچے کیلئے ہرقسم کی مشکل کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی مانندہوتی ہے۔اس معاشرہ کو صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں سہولیات دے کرکامیاب بنایاجاسکتاہے۔
خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے محکمہ صحت پنجاب محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔آج کی ماں کو صحت کی بہترسہولیات دے کراگلی نسل کوتباہی سے بچایاجاسکتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے آگاہی سیمینارمنعقدکرنے پر محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے افسران کو مبارکباداور شاباش دی۔
وزیر محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکرنل(ر)ہاشم ڈوگرنے کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کرکے اگلی نسلوں کو بچایاجاسکتاہے۔ خاندانی منصوبہ بندی کیلئے علماء کرام کا کردارانتہائی اہم ہے۔
محکمہ پاپولیشن ویلفیئرخاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے محکمہ صحت کے بغیرمثبت نتائج حاصل نہیں کرسکتا۔وزیر محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکرنل(ر)ہاشم ڈوگرنے عوامی فلا ح وبہبودکیلئے ہمیشہ ساتھ دینے پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔