شاہ محمود قریشی

خواتین کے حقوق کی شمولیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(لاہور نامہ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے اور ہر سطح پر خواتین کے حقوق کی وسیع البنیاد شمولیت کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،

ہم غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی خواتین کی حالت زار کو فراموش نہیں کرسکتے،عالمی برادری ان سنگین جرائم کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

پیر کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کرآج ہم خواتین کا عالمی دن منارہے ہیں۔

یہ خواتین کو بااختیار بنا کر ترقی کی خوشیاں منانے اور ہمارے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم خواتین کے حقوق کے فروغ اور احترام کے لئے کوششیں مزید تیز کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اس سال خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ”خواتین کی قیادت: کورونا وبا سے متاثرہ دنیا میں مساوی مستقبل کا حصول” کے منتخب کردہ عنوان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

کورونا وبا کے مشکل دور میں پاکستان میں خواتین نے بے مثال جرات اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور کورونا وبا کے خلاف قوم کے اجتماعی ردعمل اور بحالی کی کوششوں میں موثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صحت عامہ کے عملے، بنیادی سطح پر دیکھ بھال کی فراہمی، ایجادات، انسانی حقوق کے دفاع اور معاشرے کی تنظیم سازی کے پہلووں سے ہماری خواتین نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں پاکستان کا تاریخ ساز احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ایک خاتون کی قیادت میں شروع کیاگیا تاکہ کورونا وبا کے نتیجے میں معاشرے میں پیدا ہونے والے منفی معاشی وسماجی اثرات کا کامیابی سے مقابلہ کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ دستور پاکستان خواتین کومساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قانون سازی، پالیسی، ادارہ جاتی اور انتظامی موثر اقدامات کے ذریعے خواتین کو سیاسی، معاشی اور سماجی طورپر بااختیار بنانے میں ہم نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہاہ ہمارے ملک میں ایک خاتون وزیراعظم رہیں، کم عمر ترین نوبل پرائز جیتنے والی خاتون کا تعلق پاکستان سے ہے، گورنر سٹیٹ بنک اور قومی اسمبلی کی سپیکر کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں خواتین وزرا کے علاوہ سفارت کار، ججز اور اعلی سطح کی سول سرونٹس اور ڈپلومیٹس ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری خواتین لڑاکا طیارے اڑاتی ہیں، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدمات انجام دیتی ہیں جبکہ ایک خاتون آرمی میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر بھی فائز ہیں، بحیثیت قوم ہم انہیں اور معاشرے و ریاست پاکستان کے لئے ان کی کاوشوں کے کردار کو سلام پیش کرتے ہیں۔