اسلام آباد (لاہور نامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ انتخاب میں مبینہ خفیہ کیمروں کے معاملے میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کو اب خود مستعفی ہو جانے چاہیے، صادق سنجرانی ایوان کے تقدس میں کمی لائے ہیں، ایوان کی عزت کو خاک میں ملایا ہے۔
جمعہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے سینیٹ میں مبینہ خفیہ کیمروں کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صادق سنجرانی ایوان کے وقار میں کمی لائے ہیں، انہیں اب خود مستعفی ہوجانا چاہیے، سینیٹ الیکشن کے عمل میں ایک داغ آ چکا ہے، جس کو ہم نے دھونا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کیمرے لگانے کے واقعہ کی تحقیقات کی درخواست کر دی ہے، پولنگ بوتھ پر کیمرے سامنے آنے کا معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہارتے ہیں وہ اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں،اب ان کے اندر کا خوف سب کے سامنے ہے، ان کا کوئی وقار نہیں ہے، صادق سنجرانی نے ایوان کی عزت کو خاک میں ملایا ہے۔