اسلام آباد (لاہور نامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اردو زبان سیکھنے کے لئے مصر کے طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کو ہر سال 10 سکالرشپس فراہم کرتی ہے، مصری حکومت کی خواہش ہے کہ پاکستان میں عربی زبان کے فروغ کے لئے اِس قومی جامعہ میں ‘عربی زبان کا مرکز ‘قائم کیا جائے۔
اِس حوالے سے گذشتہ روز مصر کے سفیر، ڈاکٹر ٹیرک دہروگ(HE Dr. Tarek Dahroug) نے یونیورسٹی کا دورہ کیا، امر السید ناصردین السیداور سفارتخانے کے سیکنڈ سیکریٹری، احمد ردا یوسری سفیر کے ہمراہ تھے۔
یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مصری سفارتخانے کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔وائس چانسلر کے ساتھ ملاقات میں مصر کے سفیر نے کہا کہ مصر پاکستان میں الازہری سکول سسٹم کا خواہش رکھتا ہے اور ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اشتراک سے اِس کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ عربی زبان کے فروغ کے لئے اُن کا ارادہ ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ‘عربی زبان’ کا ایک نیا مرکزقائم کیا جائے جو صرف عربی زبان کے کورسسز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ متعدد سرگرمیاں فراہم کرے گا.
جن میں الازہر کے آن لائن لیکچرز، سرٹیفکیٹ لیول کے کورسسز کی پیش کش، الازہر کے مفتیان، اساتذہ اور طلبہ کا دورہ شامل ہوگا۔مصر کے سفیر نے وائس چانسلر کے ساتھ ملاقات میں مزید کہا کہ وزارت خارجہ اور مذہبی امورنے اوپن یونیورسٹی کو معیاری تعلیم کا ادارہ تسلیم کیا ہے اور انہوں نے مصر اور اوپن یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کی سفارش کی ہے۔
سفیر نے کہا کہ سفارتخانے کا ارادہ ہے کہ وہ پاکستان کی اِس قومی جامعہ میں سیمینارز، کانفرنسسز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کرے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اس کو ایک کامیاب مشترکہ منصوبہ بنانے کے لئے اپنی ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
رسمی منظور ی اور ضروری مراحل کے بعد اوپن یونیورسٹی اور مصری سفارتخانے کے مابین یونیورسٹی میں عربی مرکز کے قیام کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوں گے۔اس ملاقات میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی کولوبریشن کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید، شعبہ اردو کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیر ساحر اور شعبہ عربی کے انچارج، ڈاکٹر سمیع اللہ زبیری بھی شامل تھے۔